پتور،30؍نومبر (ایس او نیوز) پتور کےہوناسکٹّے نامی مقام پر اتوار 29 نومبرکی رات میں ایک تیز رفتار پِک اَپ جیپ نے موٹر بائک کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دونوں بائک سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کےمطابق ہلاک شدگان کے نام کرشنا شیٹی (38سال) اورجیا نند گوڈا (27سال)ہیں جو کہ کنسٹرکشن سپر وائزر کا کام کیا کرتے تھے۔جب وہ دونوں دن بھر کا کام نپٹا کر اپنے گھر کی طرف جارہے تھے توسامنے سے آرہی ایک تیز رفتار جیپ نے ان کی بائک کو ٹکر ماردی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں اچھل کر سڑک پر گر گئےاور زخموں کی تاب نہ لاکر موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ جبکہ جیپ ٹکر مارنے کے بعد موقع پر سے فرار ہوگئی۔ تھوڑی دیر بعد حادثے کا سبب بننے والی جیپ تنّیر پرانتھا نامی مقام پر لاوارث چھوڑی ہوئی پائی گئی۔
اپن انگڈی پولیس نے جائےحادثہ پر پہنچ کر جائزہ لیااور لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کرنے کےساتھ کیس درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔